سکھر: وزیر جامعات و تعلیمی بورڈز محمد اسماعیل راہو نے سیکریٹری جامعات غلام عباس بلوچ کے ہمراہ اروڑ یونیورسٹی آف آرٹ، آرکیٹیکچر، ڈیزائن اینڈ ہیریٹیج میں جدید سہولیات سے آراستہ مرکزی لائبریری کا افتتاح کردیا۔

افتتاحی تقریب کے موقع پر محمد اسماعیل راہو نے کہا کہ مرکزی لائبریری کا مقصد طلبہ کو جدید تعلیمی، تحقیقی اور تخلیقی ماحول فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ لائبریری میں 5 ہزار سے زائد کتب، ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سینٹر، ڈسکشن رومز، SAP Koha لائبریری مینجمنٹ سسٹم، RFID سیکیورٹی، سیلف چیک اِن/آؤٹ، ڈیجیٹل اسکیننگ اور تیز رفتار وائی فائی کی سہولت موجود ہے، جبکہ طلبہ کو لاکھوں ای ریسورسز تک بھی رسائی حاصل ہوگی۔

صوبائی وزیر کے مطابق لائبریری میں آئی پیڈز اور کمپیوٹرز سے مزین جدید ڈیجیٹل لائبریری بھی قائم کی گئی ہے، جبکہ 400 طلبہ کی گنجائش رکھنے والے جدید ریڈنگ ہالز بھی موجود ہیں۔

محمد اسماعیل راہو نے کہا کہ مکمل ایئرکنڈیشنڈ ماحول اور 24 گھنٹے سی سی ٹی وی نگرانی کے باعث مرکزی لائبریری طلبہ اور محققین کو محفوظ، ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ اور معیاری تعلیمی و تحقیقی ماحول فراہم کرے گی۔