حیدرآباد: چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ نے حضرت لال شہباز قلندرؒ کے مزار اور گردونواح میں جاری ترقیاتی کاموں کو دسمبر 2026 تک مکمل کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
چیف سیکریٹری سندھ نے ترقیاتی کاموں سے متعلق زوم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ جنوری 2027 میں حضرت لال شہباز قلندرؒ کے عرس کے آغاز سے قبل تمام ترقیاتی منصوبے مکمل اور فعال ہونے چاہئیں۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ سیہون میں مزار اور اطراف کی خوبصورتی و بہتری کے لیے مجموعی طور پر 1 ارب 28 کروڑ روپے کی لاگت سے مختلف ترقیاتی اسکیمیں جاری ہیں۔ ان میں سڑکوں کی بحالی، نکاسی آب، پانی کی فراہمی، اسٹریٹ لائٹس اور پیدل چلنے والوں کے لیے سہولیات شامل ہیں۔
چیف سیکریٹری نے کالج چوک سے بودلو بہار کے مزار تک ڈوئل کیریج وے کی تعمیر سمیت دیگر منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ مزار پر نئی ماربل فلورنگ، پرانے علم پاک کو آہنی کام کے ذریعے مضبوط بنانے اور لال باغ میں مسافر خانہ و چلہ گاہ کی ترقی کے منصوبے بھی شامل ہیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ زائرین کی سہولت اور تحفظ کو اولین ترجیح دی جائے۔ تمام سڑکیں، نکاسی آب کے نظام، اسٹریٹ لائٹس، فٹ پاتھ اور پانی کی فراہمی کی سہولیات 31 دسمبر 2026 تک مکمل کرکے فعال کی جائیں۔
چیف سیکریٹری نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں کے دوران باہمی رابطہ یقینی بنایا جائے تاکہ نئی تعمیر شدہ سڑکوں کو دوبارہ کھودنے کی ضرورت پیش نہ آئے، جبکہ زائرین کے راستوں سے تجاوزات بھی بروقت ختم کی جائیں۔
انہوں نے تعمیراتی منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے باقاعدہ تکنیکی معائنوں، تعمیراتی سامان کی جانچ اور سرکاری فنڈز کے شفاف استعمال کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔




