اسلام آباد: پمز اسپتال میں آتشزدگی کے المناک واقعے کے بعد اسپتال کے باہر غمزدہ والدہ کی دہائی نے ہر آنکھ نم کردی۔ متاثرہ ماں مسلسل اپنے بچے کی واپسی کا مطالبہ کرتی رہی۔
والدہ نے روتے ہوئے کہا، ’’مجھے میرا بچہ دو، ورنہ میں یہاں سے نہیں اٹھوں گی۔ میں یہیں بیٹھی رہوں گی۔ میں کہیں نہیں جا رہی، مجھے میرا بچہ دو۔‘‘
بچے کی ہلاکت کی خبر کے بعد اسپتال کے باہر موجود والدین شدید غم اور صدمے سے دوچار ہیں اور واقعے کی شفاف تحقیقات، بچوں کی درست شناخت اور ذمہ داروں کے تعین کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
پمز اسپتال کی نرسری میں پیش آنے والے اس سانحے کے حوالے سے مختلف دعوے اور الزامات سامنے آئے ہیں، جبکہ واقعے کی وجوہات اور ذمہ داری کا حتمی تعین جاری تحقیقات کے بعد ہوگا۔




