کراچی: ملک بھر میں نبی آخر الزماں، رحمتُ اللعالمین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کا یومِ ولادت مذہبی عقیدت و احترام اور جوش و خروش کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر مساجد، گھروں، بازاروں، شاہراہوں، چوراہوں اور سرکاری عمارتوں کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے، جبکہ مختلف شہروں میں محافلِ میلاد، نعت خوانی اور جلوسوں کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔
عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر دن کا آغاز نمازِ فجر کے بعد لاہور اور پشاور میں 21،21 توپوں کی سلامی سے ہوا، جبکہ ملک بھر کی فضاؤں میں درود و سلام اور نعتِ رسول ﷺ کی صدائیں گونج رہی ہیں۔
کراچی میں مرکزی جلوس، شہر بھر میں چراغاںکراچی میں گلی محلوں، بازاروں اور اہم شاہراہوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔ مختلف مقامات پر محافلِ میلاد کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جبکہ بعض مقامات پر موئے مبارک کی زیارت اور مسجد نبوی ﷺ و خانہ کعبہ کے ماڈلز بھی رکھے گئے ہیں۔
کراچی میں عید میلادالنبی ﷺ کا مرکزی جلوس شہید مسجد کھارادر سے برآمد ہوگا، جو نیو میمن مسجد سے ہوتا ہوا گلزارِ حبیب مسجد پر عصر کے وقت اختتام پذیر ہوگا۔
لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں بھی تقریباتلاہور میں مساجد، گھروں، سڑکوں اور سرکاری عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے، جبکہ مختلف مقامات پر میلاد کی محافل اور نعت خوانی کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اس موقع پر ملک کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی جا رہی ہیں۔
پشاور میں محافلِ نعت اور میلاد مصطفیٰ ﷺ کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جبکہ کوئٹہ میں بھی مختلف علاقوں میں چراغاں اور جلوسوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔
اسلام آباد بھی جشنِ آمدِ رسول ﷺ میں جگمگا اٹھاوفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو بھی جشنِ میلادالنبی ﷺ کے سلسلے میں خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں مساجد میں خصوصی عبادات اور محافل کا اہتمام کیا گیا، جبکہ عاشقانِ رسول ﷺ کی جانب سے درود و سلام اور نعت خوانی کا سلسلہ جاری ہے۔
ملک کے دیگر شہروں میں بھی عید میلادالنبی ﷺ کے جلوس اور محافل منعقد کی جا رہی ہیں۔ کراچی میں جشنِ میلاد کے موقع پر کے الیکٹرک نے لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔




