کراچی: کراچی پولیس نے افسران کی ذاتی تشہیر اور شخصی تشخص کو نمایاں کرنے والے تشہیری مواد کے استعمال پر پابندی عائد کردی۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان کی جانب سے جاری سرکلر میں تمام پولیس یونٹس اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ سرکاری تشہیر میں کسی فرد کے بجائے کراچی پولیس کے ادارہ جاتی تشخص، عوامی خدمت اور کارکردگی کو اجاگر کیا جائے۔
سرکلر کے مطابق کسی بھی پولیس افسر کی تصویر یا پورٹریٹ بینرز، بل بورڈز، ہورڈنگز، پوسٹرز، اسٹینڈیز، بیک ڈراپس، اشتہارات یا دیگر تشہیری و پروموشنل مواد پر استعمال نہیں کی جائے گی۔
یہ پابندی پولیس گاڑیوں، عمارتوں کے باہر اور دیگر عوامی مقامات کے علاوہ سوشل میڈیا، الیکٹرانک میڈیا اور دیگر میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی لاگو ہوگی۔
سرکلر میں کہا گیا ہے کہ سرکاری تشہیر کا مقصد کسی افسر کی ذاتی تشہیر نہیں بلکہ پولیس کی مجموعی کارکردگی، عوامی خدمات، اہم اقدامات، کامیابیوں اور عوامی آگاہی کے پیغامات کو نمایاں کرنا ہے۔
تاہم پولیس شہداء کی تصاویر سرکاری یادگاری تقریبات، خراجِ عقیدت، میموریلز اور دیگر مجاز مواقع پر احترام اور وقار کے ساتھ استعمال کی جاسکیں گی۔
کراچی پولیس نے تمام متعلقہ افسران کو احکامات پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خلاف ورزی کی صورت میں ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔




