اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اسپتال منتقلی کے معاملے پر ان کی بہن عظمیٰ خان نے رجسٹرار آفس کا اعتراض دور کرکے توہین عدالت کی درخواست دوبارہ سپریم کورٹ میں دائر کردی۔

عظمیٰ خان کی جانب سے دائر درخواست میں وزیراعظم شہباز شریف، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر اطلاعات عطا تارڑ سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں عمران خان کو علاج کے لیے شفا اسپتال منتقل کرنے اور ان کے طبی معائنے اور ٹیسٹ کرانے کی استدعا کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے پہلے درخواست پر اعتراض عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ درخواست گزار نے فریقین پر توہین عدالت کے الزامات کی فہرست فراہم نہیں کی۔

پی ٹی آئی کی جانب سے رجسٹرار آفس کا اعتراض دور کرکے درخواست دوبارہ دائر کردی گئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر اور سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ بھی سپریم کورٹ پہنچے تھے اور درخواست کو جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی کوشش کی تھی۔