اسلام آباد: چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے ہمراہ ایران کا ایک روزہ دورہ مکمل کرلیا، جہاں ایرانی قیادت سے خطے کی صورتحال اور ایران امریکا تنازع کے خاتمے کے لیے اہم مذاکرات کیے گئے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے درمیان ملاقات کو انتہائی مثبت اور نتیجہ خیز قرار دیا۔ ان کے مطابق ملاقات میں ایران امریکا تنازع، مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی اور موجودہ صورتحال سے آگے بڑھنے کے ممکنہ راستوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کی بحالی کے لیے درکار اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی، جبکہ ایرانی صدر نے اپنی حکومت کے مؤقف اور تحفظات سے کھل کر آگاہ کیا۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایرانی صدر، سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل میں سپریم لیڈر کے نمائندے محسن رضائی، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف، وزیر خارجہ سید عباس عراقچی اور وزیر داخلہ اسکندر مومنی سے بھی ملاقاتیں کیں۔
ملاقاتوں میں خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھنے سے روکنے، آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور جاری تنازع کے جلد خاتمے کے لیے ممکنہ اقدامات پر جامع تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے علاقائی امن اور تنازعات کے مذاکرات کے ذریعے حل کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ایرانی قیادت نے خطے میں امن کے قیام اور تنازع کے حل کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار اور مخلصانہ کوششوں کو سراہا۔
محسن نقوی کے مطابق مذاکرات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے اور بات چیت انتہائی مثبت ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حالیہ سفارتی پیش رفت خطے میں مزید مذاکرات اور دیرپا امن کی راہ ہموار کرے گی۔




