اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ایران سے مذاکرات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، جس سے خطے میں دیرپا امن کی راہ ہموار ہونے کی امید ہے۔
اپنے بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ ایران میں ہونے والی ملاقات کے دوران اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی بحالی اور تنازع کے جامع حل کے لیے مختلف اقدامات پر غور کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ان کی ایرانی صدر سے ملاقات انتہائی مثبت اور نتیجہ خیز رہی، جس میں ایران، امریکا تنازع اور مشرق وسطیٰ کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ کے مطابق ایرانی صدر نے ملاقات کے دوران اپنی حکومت کا مؤقف اور تحفظات کھل کر بیان کیے، جبکہ مذاکرات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔
محسن نقوی نے امید ظاہر کی کہ مذاکرات میں ہونے والی پیشرفت خطے میں دیرپا امن کے قیام اور تنازع کے جامع حل کی راہ ہموار کرے گی۔




