خیرپور: تھانہ کوٹڈیجی کی حدود میں حسین آباد کے قریب مبینہ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے فیصل گلزار بھٹو جاں بحق ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق فیصل گلزار بھٹو نارو سے واپس خیرپور جا رہے تھے کہ حسین آباد کے قریب ڈاکوؤں نے گاڑی روکنے کی کوشش کی۔ گاڑی نہ رکنے پر ملزمان نے مبینہ طور پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں فیصل گلزار بھٹو شدید زخمی ہوگئے اور جانبر نہ ہوسکے۔
جاں بحق ہونے والے فیصل گلزار بھٹو ڈسٹرکٹ کونسل خیرپور میں سب انجینئر کے فرائض انجام دے رہے تھے اور پیپلزپارٹی کے سرگرم کارکن بھی بتائے جاتے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور اس بات کا جائزہ لیا جا رہا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ کس طرح پیش آیا۔ پولیس نے ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
رپورٹ: آفتاب بلوچ




