اسلام آباد: پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسلسل تیسری بار سینٹرل ایشین والی بال چیمپئن شپ (CAVA) جیت کر تاریخ رقم کر دی۔ لیاقت جمنازیم اسلام آباد میں کھیلے گئے فائنل میں قومی ٹیم نے بنگلہ دیش کو 3-0 سے شکست دے کر گولڈ میڈل اور چیمپئن شپ ٹرافی اپنے نام کر لی۔

قومی ٹیم نے فائنل کے تینوں سیٹس میں بنگلہ دیش کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے پہلا سیٹ 25-20، دوسرا 25-16 اور تیسرا 25-20 سے اپنے نام کیا۔

پاکستان پورے ٹورنامنٹ میں ناقابلِ شکست رہا۔ قومی ٹیم نے گروپ مرحلے کے تمام پانچ میچز جیتنے کے بعد سیمی فائنل میں سری لنکا کو بھی یکطرفہ مقابلے میں 3-0 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔

چیمپئن شپ کے اختتام پر پاکستان کو گولڈ میڈل اور ٹرافی، بنگلہ دیش کو سلور میڈل جبکہ سری لنکا کو برانز میڈل سے نوازا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے قومی والی بال ٹیم کو مسلسل تیسری مرتبہ سینٹرل ایشین والی بال چیمپئن شپ جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف اور انتظامیہ کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔