نیویارک: فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں دفاعی چیمپئن ارجنٹینا اور سابق عالمی چیمپئن اسپین کے درمیان عالمی فٹبال کے تاج کی جنگ عروج پر پہنچ گئی ہے۔ امریکا کی ریاست نیو جرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں جاری فائنل کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیمیں کوئی گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکیں، جس کے بعد مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر ہے۔

اس میگا ایونٹ کے ذریعے یہ فیصلہ ہوگا کہ آئندہ چار برس تک دنیائے فٹبال پر کس ٹیم کی حکمرانی رہے گی۔ دونوں ٹیموں نے پہلے ہاف میں جارحانہ کھیل پیش کیا، تاہم مضبوط دفاع اور گول کیپرز کی عمدہ کارکردگی کے باعث کوئی بھی ٹیم برتری حاصل نہ کر سکی۔

اسپین 2010 میں عالمی چیمپئن بننے کے بعد پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچا ہے، جبکہ مجموعی طور پر یہ اس کا دوسرا فائنل ہے۔ دوسری جانب ارجنٹینا اپنی تاریخ میں ساتویں مرتبہ ورلڈ کپ کا فائنل کھیل رہا ہے اور اس سے قبل 1978، 1986 اور 2022 میں عالمی ٹائٹل اپنے نام کر چکا ہے۔

فائنل کو ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی کے ممکنہ آخری ورلڈ کپ میچ کے طور پر بھی غیرمعمولی اہمیت حاصل ہے۔ شائقین کی نظریں اس بات پر مرکوز ہیں کہ آیا میسی اپنی ٹیم کو مسلسل دوسری مرتبہ عالمی چیمپئن بنانے میں کامیاب ہوتے ہیں یا اسپین 16 سال بعد دوبارہ ٹرافی اٹھانے کا خواب پورا کرے گا۔

میسی کے علاوہ اسپین کے نوجوان اسٹار لامین یمال سمیت دونوں ٹیموں کے کئی باصلاحیت کھلاڑی کسی بھی لمحے میچ کا رخ بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جس کے باعث دوسرے ہاف میں سنسنی خیز مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے