اسلام آباد: مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران پاکستان کے ایک اہم سفارتی مؤقف سے متعلق برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز نے بڑا دعویٰ کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان نے ایران کو اعلیٰ سطح پر واضح کیا ہے کہ "سعودی عرب ہماری سرخ لکیر ہے، اس پر ہونے والا کوئی بھی حملہ پاکستان پر حملہ تصور ہوگا۔"

رائٹرز کے مطابق یہ پیغام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران کے حمایت یافتہ یمنی حوثیوں نے رواں ہفتے سعودی عرب پر میزائل حملے کیے۔ حوثیوں کا مؤقف ہے کہ یہ کارروائی ان کے زیرِ قبضہ ہوائی اڈے پر سعودی فضائی حملوں کے ردعمل میں کی گئی۔

رپورٹ میں ایک پاکستانی عہدیدار کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت نے ایران کو اعلیٰ ترین سطح پر اپنے مؤقف سے آگاہ کیا اور سعودی عرب کی سلامتی کو پاکستان کے لیے ناقابلِ سمجھوتہ قرار دیا۔

خبر ایجنسی کے مطابق اسلام آباد کو خدشہ ہے کہ اگر سعودی عرب اور حوثیوں کے درمیان کشیدگی مزید بڑھی تو اس کے اثرات پورے خطے پر مرتب ہوں گے، جبکہ پاکستان کا ممکنہ سفارتی اور ثالثی کردار بھی متاثر ہو سکتا ہے۔

رائٹرز نے اپنی رپورٹ میں یاد دلایا ہے کہ گزشتہ سال پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان باہمی دفاعی تعاون کا معاہدہ طے پایا تھا، جس کے تحت ہزاروں پاکستانی فوجی اہلکار اور فضائیہ کا ایک دستہ سعودی عرب میں تعینات ہے۔

علاقائی تجزیہ کاروں کے مطابق حالیہ پیش رفت نہ صرف خلیجی خطے کی سلامتی بلکہ پاکستان، ایران اور سعودی عرب کے تعلقات کے تناظر میں بھی غیر معمولی اہمیت رکھتی ہے۔

نوٹ: اس خبر میں بیان کردہ دعوے اور معلومات برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کی رپورٹ پر مبنی ہیں۔