واشنگٹن: امریکا کی 250 سالہ تاریخ کے موقع پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر سے مزین ایک ڈالر کے نئے سکے کو متعارف کرانے کی تیاریاں آخری مرحلے میں داخل ہو گئی ہیں، جس کے بعد ایک بار پھر کسی برسرِاقتدار امریکی صدر کی تصویر سرکاری سکے پر نمایاں ہونے جا رہی ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے نئے سنہری رنگ کے ایک ڈالر کے سکے (گولڈ کوائن) کے ڈیزائن کی رونمائی کی۔ سکے کے اگلے حصے پر صدر ٹرمپ کی تصویر کے ساتھ "In God We Trust" (ہمارا خدا پر ایمان ہے) اور 1776–2026 درج ہے، جو امریکا کے 250 سال مکمل ہونے کی یادگار ہے۔

سکے کے پچھلے حصے پر امریکا کا قومی نشان عقاب نقش کیا گیا ہے، جبکہ "United States of America" اور سکے کی مالیت One Dollar بھی درج ہے۔

امریکی محکمہ خزانہ کے ترجمان کے مطابق یہ نیا سکہ موسمِ خزاں میں عوام کے لیے دستیاب ہوگا۔

رپورٹ کے مطابق امریکا کی تاریخ میں اس سے قبل صرف ایک بار، تقریباً ایک صدی پہلے، کسی زندہ صدر کی تصویر سرکاری سکے پر نمایاں کی گئی تھی۔ 150 ویں یومِ آزادی کی تقریبات کے موقع پر جاری کیے گئے نصف ڈالر کے یادگاری سکے پر سامنے جارج واشنگٹن اور عقب میں اُس وقت کے صدر کیلون کولج کی تصویر نقش کی گئی تھی۔ اس وقت ایک ملین سکے تیار کیے گئے تھے، تاہم کم طلب کے باعث تقریباً 8 لاکھ 60 ہزار سکے واپس لے کر پگھلا دیے گئے تھے۔