انقرہ: فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے انقرہ میں اہم ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون، دفاعی صنعت میں اشتراک، علاقائی سلامتی، مشرق وسطیٰ کی تازہ صورتحال اور اسٹریٹجک شراکت داری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترک ایوان صدر کے مطابق یہ ملاقات انقرہ ائیرپورٹ پر اس وقت ہوئی جب صدر اردوان قطر کے سرکاری دورے پر روانہ ہونے والے تھے۔ ملاقات بند کمرے میں ہوئی، جس میں ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز، چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلچوق بائراکتاراولو اور قومی انٹیلی جنس ادارے (MİT) کے سربراہ ابراہیم قالن بھی شریک تھے۔

اگرچہ سرکاری سطح پر ملاقات کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں، تاہم سفارتی اور دفاعی ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے، دفاعی پیداوار، عسکری تربیت، مشترکہ فوجی مشقوں، ڈرون ٹیکنالوجی، بحری منصوبوں اور خطے کی بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی۔

یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی اور اسٹریٹجک تعلقات مسلسل مستحکم ہو رہے ہیں۔ دونوں ممالک مختلف شعبوں میں مشترکہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے قریبی رابطے برقرار رکھے ہوئے ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے ایک روز قبل فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ترک چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلچوق بائراکتاراولو سے بھی ملاقات کی تھی، جہاں انہیں ترکیہ کی مسلح افواج کے اعلیٰ فوجی اعزاز سے نوازا گیا تھا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان فوجی روابط اور پیشہ ورانہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔

مبصرین کے مطابق صدر اردوان اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی حالیہ ملاقات پاکستان اور ترکیہ کے دیرینہ برادرانہ تعلقات، دفاعی شراکت داری اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ عزم کی عکاس ہے۔