ریاض: یمن کے حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے جنوبی شہر ابہا کے ایئرپورٹ کو متعدد بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا ہے۔ حملے کے بعد حوثی ملیشیا نے سعودی فضائی حدود استعمال کرنے والی تمام فضائی کمپنیوں کو انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس وارننگ کو سنجیدگی سے لیں۔
رپورٹس کے مطابق یہ حملہ یمن کی سعودی حمایت یافتہ حکومت کی جانب سے گزشتہ روز حوثیوں کے زیرِ انتظام صنعا ایئرپورٹ پر کیے گئے حملے کے ردعمل میں کیا گیا۔
دوسری جانب خلیج تعاون کونسل (GCC) نے سعودی عرب پر ہونے والے میزائل اور ڈرون حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے حوثی ملیشیا کے خلاف مؤثر اور سخت اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
جی سی سی کے سیکریٹری جنرل جاسم محمد البدیوی نے اپنے بیان میں کہا کہ حوثیوں کی کارروائی بین الاقوامی قوانین اور انسانی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے، جس کا مقصد خطے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانا اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانا ہے۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں کے خلاف مضبوط اور فیصلہ کن موقف اختیار کرے تاکہ ایسی جارحانہ کارروائیوں کا سدباب کیا جا سکے۔ جاسم محمد البدیوی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خلیج تعاون کونسل سعودی عرب کی سلامتی، شہریوں اور وہاں مقیم افراد کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے تمام اقدامات کی مکمل حمایت جاری رکھے گی۔




