کویت میں ایرانی حملے سے بچ جانے والے امریکی فوجیوں نے اپنی فوجی قیادت پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اعلیٰ حکام کو امریکی اڈے کی غیر محفوظ صورتحال کا علم تھا، لیکن بار بار ملنے والی وارننگز کے باوجود مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے۔

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق متاثرہ فوجیوں کا کہنا ہے کہ انہیں مناسب دفاعی نظام کے بغیر ایک غیر محفوظ مقام پر تعینات کیا گیا۔ ان کا یہ بھی الزام ہے کہ حملے کے بعد سینئر کمانڈرز امدادی کارروائیوں کی قیادت کرنے کے بجائے عمارت چھوڑ کر چلے گئے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ زخمی فوجیوں کے طبی انخلا کے انتظامات بھی مؤثر انداز میں نہیں کیے گئے۔ یکم مارچ کو کویت میں ہونے والے ایرانی حملے میں 6 امریکی فوجی ہلاک جبکہ 30 زخمی ہوئے تھے۔

واقعے کی داخلی تحقیقات میں کسی فرد کو ذمہ دار قرار نہیں دیا گیا اور نہ ہی پینٹاگون میں کسی افسر کے خلاف تادیبی کارروائی کی سفارش کی گئی۔ اس فیصلے پر ہلاک اور زخمی امریکی فوجیوں کے اہلِ خانہ نے شدید مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے فوجی قیادت کی جوابدہی کا مطالبہ کیا ہے۔