اسلام آباد: سعودی عرب کے شہر مدینہ منورہ میں مقیم پاکستانیوں کے لیے خوشخبری ہے کہ نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے اپنی خدمات دوبارہ بحال کر دی ہیں۔

حج سیزن کے دوران عارضی طور پر معطل کی گئی نادرا سروسز دوبارہ شروع، پاکستانی شہری شناختی دستاویزات سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

نادرا حکام کے مطابق حج سیزن کے دوران سعودی حکومت کی ہدایات پر عارضی طور پر معطل کی گئی خدمات آج سے دوبارہ شروع کر دی گئی ہیں، جس کے بعد مدینہ منورہ اور گرد و نواح میں مقیم پاکستانی شہری شناختی دستاویزات سے متعلق سہولیات حاصل کر سکیں گے۔

نادرا آفس کی بحالی کے بعد پاکستانی شہری قومی شناختی کارڈ، نائیکوپ اور دیگر شناختی دستاویزات سے متعلق خدمات معمول کے مطابق حاصل کر سکیں گے۔

واضح رہے کہ نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) ملک کے اندر اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو قومی شناختی کارڈ، نائیکوپ اور دیگر شناختی دستاویزات جاری کرنے والا مجاز ادارہ ہے۔