پاسدارانِ انقلاب کے مطابق اردن میں امریکی ایئر بیس کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر اور ایم کیو ڈرون ہینگر کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ قطر کے العدید ایئر بیس پر بیلسٹک میزائل داغے گئے۔ ایران نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ عمان کی بندرگاہ دقم میں امریکی لاجسٹک سپورٹ مراکز، جبکہ کویت، بحرین اور متحدہ عرب امارات میں امریکی فوجی تنصیبات اور دفاعی نظاموں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

دوسری جانب قطر، متحدہ عرب امارات اور کویت نے ایرانی حملوں کو ناکام بنانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے فضائی دفاعی نظام نے متعدد میزائلوں اور ڈرونز کو تباہ کر دیا۔ قطری وزارتِ دفاع کے مطابق ایک حملے کا ملبہ گرنے سے ایک بچے سمیت تین افراد زخمی ہوئے۔

متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع نے بتایا کہ ملک کا دفاعی نظام ایرانی میزائلوں اور ڈرونز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کر رہا ہے، جبکہ کویتی حکام کے مطابق دشمن کے فضائی حملوں کو روکنے کے لیے دفاعی کارروائیاں جاری ہیں۔ بحرین میں بھی حملوں کے بعد سائرن بجا دیے گئے۔

ادھر عمانی حکومت نے اپنے علاقوں پر ڈرون حملوں کی مذمت کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ صوبہ مسندم کے بعض مقامات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

نوٹ: ایران کی جانب سے کیے گئے حملوں کے دعوؤں کی آزاد ذرائع سے مکمل تصدیق نہیں ہو سکی، جبکہ مختلف ممالک کی جانب سے صورتحال سے متعلق اپنے اپنے بیانات جاری کیے گئے ہیں۔