خیرپور: ڈی آئی جی سکھر ناصر آفتاب پٹھان نے خیرپور ضلع کے 49 پولیس اہلکاروں کو معطل کرکے رینج آفس سکھر رپورٹ کرنے کا حکم دے دیا، جبکہ تمام اہلکاروں کے خلاف انکوائری بھی شروع کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔

معطل کیے جانے والے اہلکاروں میں آصف شیخ، نادر گھنیو، فہیم عباس شر، محمد مراد، وسیم گوپانگ، علی مراد کلہوڑو، سلیم میتلو سمیت دیگر پولیس اہلکار شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ اہلکاروں کے خلاف مہران ہائی وے پر قائم پولیس پوائنٹس سے مبینہ طور پر بھتہ وصول کرنے اور پبلک ٹرانسپورٹ کو بلاجواز تنگ کرنے کے الزامات سامنے آئے تھے، جس پر ڈی آئی جی سکھر نے کارروائی کرتے ہوئے اہلکاروں کو معطل کیا۔

ڈی آئی جی سکھر کی جانب سے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے معطل اہلکاروں کو رینج آفس سکھر رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

رپورٹ: آفتاب بلوچ