کراچی: بابائے قوم اور بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کی 78 ویں برسی آج عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ تحریکِ پاکستان میں ان کی بے مثال قیادت اور برصغیر کے مسلمانوں کے لیے علیحدہ وطن کے حصول کی جدوجہد نے انہیں تاریخ کے عظیم رہنماؤں میں نمایاں مقام دلایا۔

قائداعظمؒ 11 ستمبر 1948 کو طویل علالت کے بعد اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملے۔ ان کے یومِ وفات کے موقع پر ملک بھر میں خصوصی تقریبات، دعائیہ اجتماعات اور سیمینارز کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جن میں بانیٔ پاکستان کی جدوجہد، خدمات اور قومی نظریات کو خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔