کراچی: نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے کراچی کے علاقے ملیر، کوثر ٹاؤن میں کارروائی کرتے ہوئے غیر ملکی شہریوں سے مبینہ فراڈ میں ملوث کال سینٹر پر چھاپہ مار کر مالکان سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
این سی سی آئی اے کے مطابق ملزمان خود کو غیر ملکی بینکوں کے اعلیٰ افسران ظاہر کرکے بیرونِ ملک مقیم شہریوں سے رابطہ کرتے اور انہیں جھانسہ دے کر حساس ذاتی معلومات حاصل کرتے تھے۔ ملزمان متاثرہ افراد سے ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈز کی خفیہ تفصیلات بھی حاصل کرتے تھے۔
کارروائی کے دوران متعدد لیپ ٹاپس اور موبائل فونز تحویل میں لے لیے گئے، جبکہ حکام کے مطابق نیٹ ورک سے وابستہ دیگر افراد کی شناخت اور گرفتاری کے لیے مزید چھاپے مارے جا رہے ہیں۔




