حیدرآباد (رپورٹ: تیمور بلوچ): ہٹڑی پولیس نے لطیف آباد میں گھر سے چوری کی بڑی واردات میں ملوث خاتون سمیت 4 رکنی گروہ کو گرفتار کرکے 574 تولہ چاندی اور 4 موبائل فونز برآمد کرلیے۔

پولیس کے مطابق لطیف آباد یونٹ نمبر 6 میں کاروباری شخصیت زبیر احمد ملک کے گھر سے نامعلوم ملزمان نقد رقم، 574 تولہ چاندی اور طلائی زیورات چوری کرکے فرار ہوگئے تھے۔

ایس ایس پی حیدرآباد شاہزیب چاچڑ کی ہدایت پر پولیس نے تفتیش کا آغاز کیا، جس کے بعد ایس ایچ او ہٹڑی انسپکٹر اسلم بُلو نے ٹیم کے ہمراہ تکنیکی وسائل کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے سونیا زوجہ دلبر چانڈیو، صفان ملک، علی حسن ملک اور فرحان خانزادہ کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق ملزمان کی نشاندہی پر چوری شدہ 574 تولہ چاندی برآمد کرلی گئی، جس کی مالیت 38 لاکھ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔ ملزمان سے مزید تفتیش اور دیگر چوری شدہ مال کی برآمدگی کے لیے کارروائی جاری ہے۔