ملتان: ایف آئی اے امیگریشن نے ملتان ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے آذربائیجان اور سربیا کے راستے غیر قانونی طور پر مغربی یورپ جانے کی کوشش ناکام بنا کر 2 مسافروں سمیت 5 افراد کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے کے مطابق گرفتار مسافروں میں مظہر اقبال اور نعیم عباس جبکہ مبینہ سہولت کاروں میں اعجاز چیمہ، سہیل اسلم اور سجاول شامل ہیں۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ مسافروں کو غیر قانونی طور پر یورپ پہنچانے کے لیے فی کس 30 لاکھ روپے میں معاملہ طے پایا تھا اور دونوں مسافر 5، 5 لاکھ روپے پیشگی ادا کرچکے تھے۔
حکام کے مطابق ملزمان کے موبائل فونز سے سربیا کے مشتبہ ویزے، واٹس ایپ گفتگو اور سہولت کاری سے متعلق دیگر شواہد حاصل ہوئے ہیں۔ تمام ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل ملتان منتقل کردیا گیا۔




