کوہاٹ: پولیس لائنز کے قریب نماز جمعہ کے دوران خودکش دھماکوں اور فائرنگ کے نتیجے میں 5 پولیس اہلکاروں سمیت 16 افراد شہید جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔
آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کے مطابق بارود سے بھری گاڑی پرانی پولیس لائنز کے گیٹ سے ٹکرائی، جس کے بعد دھماکا اور فائرنگ ہوئی، جبکہ فائرنگ کے دوران اسپیشل برانچ کی عمارت پر ایک اور خودکش دھماکا ہوا۔ پولیس کے مطابق ایک دہشت گرد کو مقابلے میں ہلاک کردیا گیا۔
ڈی ایچ کیو اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی، جہاں اسپتال انتظامیہ کے مطابق 50 سے زائد زخمیوں کو منتقل کیا گیا۔ دھماکوں سے مسجد اور قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا جبکہ کوہاٹ ہنگو روڈ ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے پولیس حکام سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔




