اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان میں خواتین کے موبائل انٹرنیٹ استعمال کی شرح 45 فیصد ہو چکی ہے جبکہ ملک میں ڈیجیٹل صارفین کی تعداد 15 کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے۔

اسلام آباد میں اکانومی فورم سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے بتایا کہ گزشتہ دو برس کے دوران ڈیٹا کے استعمال میں تقریباً 25 فیصد اضافہ ہوا ہے، جبکہ ملک میں فائبر کنکشنز کی تعداد 50 لاکھ سے زائد ہو چکی ہے۔ حکومت کا ہدف وائرڈ براڈ بینڈ کو ایک کروڑ گھرانوں تک پہنچانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موبائل انٹرنیٹ کے استعمال میں صنفی فرق کم ہو کر 8 فیصد رہ گیا ہے اور ڈیجیٹل ترقی میں خواتین کی شمولیت ناگزیر ہے۔

وفاقی وزیر کے مطابق پاکستان کی آئی ٹی برآمدات 4.6 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں، جبکہ اگلا ہدف ٹیکنالوجی مصنوعات، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور ٹیکنالوجی پر مبنی صنعتوں کو فروغ دینا ہے۔