ریاض: سعودی عرب کی اہم ’ایسٹ ویسٹ‘ آئل پائپ لائن کی بندش کے باعث عالمی سطح پر تیل کی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سعودی تیل کے خریداروں اور تاجروں کا کہنا ہے کہ اگر بحیرہ احمر کی جانب جانے والی پائپ لائن چند روز میں بحال نہ ہوئی تو سعودی عرب کے پاس ینبع بندرگاہ سے برآمدات جاری رکھنے کے لیے موجود ذخائر کم پڑ سکتے ہیں، جس سے عالمی تیل سپلائی میں تقریباً 4 فیصد کمی کا خدشہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق ڈرون حملوں کے بعد بند کی گئی ’ایسٹ ویسٹ‘ پائپ لائن کے ذریعے یومیہ تقریباً 40 لاکھ بیرل تیل ینبع بندرگاہ منتقل کیا جاتا ہے، جو عالمی سپلائی کا لگ بھگ 4 فیصد بنتا ہے۔
پائپ لائن کی بندش کے بعد ینبع میں تقریباً 5 سے 7 دن کی برآمدات کے لیے ذخائر موجود ہیں، جبکہ مصر کی عین سُخنہ اور سیدی کریر بندرگاہوں پر موجود سعودی ذخائر کے ذریعے بھی محدود مدت تک خریداروں کو سپلائی جاری رکھی جاسکتی ہے۔




