میرپورخاص(رپورٹ طارف پنھور): میونسپل کارپوریشن میرپورخاص نے مالی سال 2026-27 کے لیے 3 ارب 81 کروڑ 92 لاکھ روپے سے زائد کا متوازن بجٹ متفقہ طور پر منظور کر لیا، جس میں شہری ترقی، بنیادی سہولیات، انفراسٹرکچر کی بہتری اور ملازمین کی فلاح پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔
میئر عبدالرؤف غوری کی زیر صدارت ہونے والے بجٹ اجلاس میں ڈپٹی میئر سمیرا بلوچ، یونین کونسلز کے چیئرمینز، منتخب کونسل اراکین اور میونسپل کارپوریشن کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں مالی سال 2025-26 کے نظرثانی شدہ بجٹ اور نئے مالی سال کا تخمینہ بجٹ پیش کیا گیا، جسے بحث و مشاورت کے بعد متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔
بجٹ دستاویز کے مطابق آئندہ مالی سال کے لیے میونسپل کارپوریشن کی کل متوقع آمدنی 3 ارب 81 کروڑ 92 لاکھ روپے جبکہ اخراجات 3 ارب 81 کروڑ 72 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں، جس کے نتیجے میں 17 لاکھ 77 ہزار روپے سے زائد کی متوقع بچت ظاہر کی گئی ہے۔
بجٹ میں 22 یونین کونسلز کے ترقیاتی کاموں کے لیے ایک ارب 58 کروڑ 72 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ نئے ترقیاتی منصوبوں، جاری اسکیموں، نئی گاڑیوں اور مشینری کی خریداری، کونسل کی املاک کی مرمت اور دیگر شہری سہولیات کے لیے بھی خطیر فنڈز رکھے گئے ہیں۔
میونسپل کارپوریشن کے ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کے لیے ایک ارب 34 کروڑ روپے سے زائد مختص کیے گئے ہیں، جبکہ انتظامی و ہنگامی اخراجات، گرانٹس اور غریب و نادار خواتین کی مالی معاونت کے لیے بھی خصوصی فنڈز رکھے گئے ہیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میئر عبدالرؤف غوری نے کہا کہ شہر میں صاف پانی، سیوریج، صفائی ستھرائی اور واٹر سپلائی نظام کی بہتری کو اولین ترجیح دی جائے گی، جبکہ مالی وسائل بڑھانے کے لیے شاپنگ سینٹرز، کمرشل کمپلیکس، ٹیکس وصولی اور بقایاجات کی ریکوری کے نئے منصوبوں پر بھی کام کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت سندھ، ورلڈ بینک اور ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے تعاون سے میرپورخاص میں انفراسٹرکچر، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، واٹر سپلائی، سیوریج اور سڑکوں کی بہتری کے بڑے منصوبوں کے لیے بھی فنڈز متوقع ہیں۔
اجلاس کے دوران ڈپٹی میئر سمیرا بلوچ نے میونسپل ملازمین کی التوا کا شکار ترقیوں کا معاملہ اٹھایا، جس پر ایوان نے متفقہ حمایت کی۔ میئر نے میونسپل کمشنر کو سابقہ ڈی پی سی پر فوری عملدرآمد، پروموشن لیٹرز کے اجرا اور رہ جانے والے مستحق ملازمین کے لیے نئی ڈی پی سی تشکیل دینے کی ہدایت جاری کی۔
کونسل نے مرحوم جسٹس محمد روشن ایسانی کی خدمات کے اعتراف میں نیو ٹاؤن کی ایک سڑک کو ان کے نام سے منسوب کرنے کی قرارداد بھی متفقہ طور پر منظور کر لی، جبکہ لینڈ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے بعض پلاٹس کی تقسیم کی درخواستوں کی بھی منظوری دے دی گئی۔
اجلاس کے اختتام پر میئر عبدالرؤف غوری نے بجٹ کی متفقہ منظوری پر تمام اراکین، افسران اور میڈیا نمائندگان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ میونسپل کارپوریشن شہریوں کو بہتر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی اور شہر کی ترقی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے گی۔




