اسلام آباد: پمز اسپتال کے انتظامی معاملات میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے این آئی ایچ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد سلمان کو 3 سال کیلئے پمز کا ایگزیکٹو ڈائریکٹر تعینات کردیا گیا، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 21 کے پمز ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر رانا عمران سکندر کو 4 ماہ کیلئے معطل کردیا گیا ہے، جبکہ ڈاکٹر محمد سلمان پمز کے ساتھ ساتھ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے عہدے پر بھی برقرار رہیں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹر الطاف حسین کو 3 ماہ کیلئے پمز اسپتال کا جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر تعینات کیا گیا ہے۔ پمز کے دیگر شعبوں میں بھی انتظامی تبدیلیوں کے نوٹیفکیشن جاری کردیئے گئے ہیں۔

یہ انتظامی اقدامات پمز سانحے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے بعد سامنے آئے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے سانحے پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر سمیت 8 افراد کو معطل کرکے ذمہ داران کے خلاف محکمانہ اور فوجداری قوانین کے تحت کارروائی کی ہدایت کی تھی۔