کراچی: سرجانی ٹاؤن میں ماں اور اس کے تین کمسن بچوں کے قتل کے کیس میں پولیس نے مبینہ ملزم کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق دو روز قبل پیش آنے والے واقعے میں خاتون اور اس کے تین بچوں کو تیز دھار آلے اور وزنی چیز کے وار کرکے قتل کیا گیا تھا۔ واقعے کے بعد ابتدائی تحقیقات کے دوران خاتون کے شوہر کو بھی حراست میں لیا گیا تھا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم مقتول خاندان کا قریبی جاننے والا تھا اور اس کا گھر میں آنا جانا تھا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم پر ذاتی رنجش کی بنا پر چاروں افراد کو قتل کرنے کا الزام ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق زیر حراست ملزم کچھ عرصہ قبل مقتولین کا کرایہ دار بھی رہ چکا تھا، واقعے کے محرکات اور دیگر پہلوؤں سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔