پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ 27 ستمبر کو اسلام آباد مارچ کی کال تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے دی گئی ہے، کارکنان کسی بھی سازشی عناصر کی باتوں پر توجہ دینے کے بجائے احتجاج کی تیاریوں پر توجہ مرکوز رکھیں۔
27 ستمبر احتجاج سے متعلق مشاورتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ کچھ عناصر فیصلوں کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرتے ہیں، تاہم ان کی باتوں پر توجہ نہ دی جائے۔ انہوں نے تمام پارلیمنٹیرینز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے حلقوں میں اسٹریٹ موومنٹ کا آغاز کریں۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ بعض عناصر کے مفادات اسی میں ہیں کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان جیل میں رہیں، تاہم اب غفلت کی کوئی گنجائش نہیں۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ 27 ستمبر کو پُرامن لیکن بھرپور احتجاج کیا جائے گا اور وہ خود اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کی قیادت کریں گے۔ ان کے مطابق عوام اسی جذبے کے ساتھ نکلیں تو کسی میں گولی چلانے کی جرات نہیں ہوگی۔
انہوں نے کارکنان سے اپیل کی کہ 27 ستمبر کی کال پر بھرپور تیاری کریں اور آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے احتجاج کریں۔ وزیراعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ 27 ستمبر کا دن ملک کی سیاسی تاریخ میں اہم ثابت ہوگا۔




