پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب بڑے مارچ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس بار اتنی تیاری کے ساتھ آ رہے ہیں کہ لوگ سوچ بھی نہیں سکتے۔

انڈر پاس کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ 27 ستمبر کو اتنی بڑی تعداد میں اسلام آباد آئیں گے کہ کوئی گولی نہیں چلا سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ آئینی اور قانونی راستے اپنائے مگر انصاف نہیں ملا، اس بار آرام سے نہیں بیٹھیں گے اور 27 ستمبر پاکستان کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ پشاور میں ترقیاتی منصوبوں پر بھی کام جاری ہے، رنگ روڈ پر دلہ زاک چوک انڈر پاس 90 دن میں مکمل کیا گیا جبکہ شہر میں 200 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے لائے جا رہے ہیں۔

سہیل آفریدی کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت نے ترقیاتی بجٹ 195 ارب روپے سے بڑھا کر 235 ارب روپے کردیا ہے، جبکہ صوبائی محاصل کا ہدف 129 ارب روپے تھا لیکن 150 ارب روپے جمع کیے گئے۔

انہوں نے وفاقی حکومت کی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کے اثرات کے باعث خیبر پختونخوا دوبارہ بدامنی کا شکار ہو رہا ہے۔