پشاور: خیبرپختونخوا پولیس کے افسران اور اہلکاروں کی بنیادی تنخواہوں میں 250 فیصد اضافے کی تجویز سامنے آگئی۔

پولیس حکام کے مطابق دہشت گردی کے خلاف فرائض انجام دینے والے اہلکاروں کو ہارڈ ایریا الاؤنس دینے سے متعلق سفارشات منظور کرکے وفاقی حکومت کو بھجوا دی گئی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کے ہارڈ ایریاز کی نشاندہی کرکے متعلقہ اضلاع کی تفصیلات وفاقی حکومت کو ارسال کی جائیں گی۔ تجویز کے مطابق صوابی اور ہزارہ ڈویژن کے علاوہ صوبے کے تمام اضلاع کو ہارڈ ایریا قرار دینے کی سفارش کی جائے گی۔

پولیس حکام کے مطابق حتمی منظوری کی صورت میں باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا اور مجوزہ اقدام کے تحت پولیس افسران و اہلکاروں کی بنیادی تنخواہوں میں 250 فیصد اضافہ متوقع ہے۔

حکام نے بتایا کہ خیبرپختونخوا کو ہارڈ ایریا قرار دینے کے لیے پہلا خط مارچ 2025 میں وفاقی حکومت کو ارسال کیا گیا تھا۔ صوبائی پولیس دہشت گردی کے خلاف ذمہ داریوں اور دیگر صوبوں کے مقابلے میں تنخواہوں کے فرق کی بنیاد پر طویل عرصے سے ہارڈ ایریا اسٹیٹس کا مطالبہ کرتی رہی ہے۔