کراچی: جامعہ کراچی کی اکیڈمک کونسل نے داخلوں برائے 2027 اور نئے تعلیمی سال کے آغاز کی منظوری دے دی، نیا تعلیمی سال 15 دسمبر 2026 سے شروع ہوگا۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل کی زیر صدارت اکیڈمک کونسل کے اجلاس میں داخلوں سمیت مختلف اہم تعلیمی اور انتظامی امور پر غور کیا گیا۔

اکیڈمک کونسل نے بائی اینول نظام کے تحت امتحانات کے انعقاد سے متعلق فیصلہ ایک سال کے لیے مؤخر کردیا۔ اس حوالے سے جامعہ کراچی اور الحاق شدہ کالجز کے اساتذہ پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جو تین ماہ میں اپنی سفارشات اکیڈمک کونسل کو پیش کرے گی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ آئندہ سال سے جامعہ کراچی سے الحاق شدہ کالجز کے امتحانات سیمسٹر سسٹم کے تحت منعقد ہوں گے۔

اکیڈمک کونسل نے پاکستان اسٹڈیز سینٹر کے بورڈ آف گورنرز کے لیے پروفیسر ڈاکٹر نعیم احمد جبکہ سیکریٹری الحاق کمیٹی کے لیے پروفیسر ڈاکٹر امینہ زہرہ علی کی نامزدگی کی بھی منظوری دے دی۔

اجلاس میں مختلف کلیات، بورڈ برائے اعلیٰ تعلیم و تحقیق اور معادلہ کمیٹی کے گزشتہ اجلاسوں کی روداد کی بھی توثیق کی گئی۔