سکھر: سیبا ٹیسٹنگ سروسز (STS) نے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز ایڈمیشن ٹیسٹ (MDCAT) 2026 میں شرکت کرنے والے امیدواروں کے لیے ٹیسٹ سینٹر کی الاٹمنٹ سے متعلق اہم ہدایات جاری کردی ہیں۔

ایس ٹی ایس کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ایم ڈی کیٹ 2026 کا امتحان اتوار 20 ستمبر 2026 کو منعقد ہوگا۔ امیدواروں نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PM&DC) کے آن لائن پورٹل پر رجسٹریشن کے دوران جس امتحانی شہر کا انتخاب کیا تھا، اسے حتمی تصور کیا جائے گا۔

اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ ٹیسٹ سینٹر یا امتحانی شہر تبدیل کرنے کی کسی درخواست پر غور نہیں کیا جائے گا۔

ایس ٹی ایس کے مطابق ہر امیدوار کے لیے مختص کردہ ٹیسٹ سینٹر کی مکمل تفصیلات ایڈمٹ سلپ پر درج ہوں گی۔ امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی ایڈمٹ سلپ پر درج امتحانی مرکز کے مطابق ٹیسٹ میں شرکت کریں۔