اٹلانٹا: فیفا ورلڈکپ 2026 کے دوسرے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن ارجنٹینا نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے انگلینڈ کو 2-1 سے شکست دے کر مسلسل دوسرے ورلڈکپ فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
میچ کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیمیں کوئی گول نہ کر سکیں۔ دوسرے ہاف کے آغاز کے بعد انگلینڈ نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور 55ویں منٹ میں گورڈن کے گول کی بدولت 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔
برتری حاصل کرنے کے باوجود انگلینڈ اپنی سبقت برقرار نہ رکھ سکا۔ ارجنٹینا نے میچ کے آخری لمحات میں زبردست واپسی کرتے ہوئے 85ویں منٹ میں فرنانڈس کے گول سے مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا۔
برابری کے صرف چند لمحوں بعد ارجنٹینا کے مارٹینز نے فیصلہ کن گول اسکور کرکے ٹیم کو 2-1 کی برتری دلا دی، جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔ اس کامیابی کے ساتھ دفاعی چیمپئن ارجنٹینا نے فائنل میں اپنی جگہ یقینی بنا لی جبکہ انگلینڈ کا 60 برس بعد ورلڈکپ فائنل کھیلنے کا خواب ادھورا رہ گیا۔
ورلڈکپ 2026 کے فائنل میں اتوار کی شب ارجنٹینا کا مقابلہ اسپین سے ہوگا، جبکہ تیسری پوزیشن کے میچ میں ہفتے کی شب انگلینڈ اور فرانس آمنے سامنے ہوں گے۔




