سکھر: سیبا ٹیسٹنگ سروسز (STS) نے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز ایڈمیشن ٹیسٹ (MDCAT) 2026 کے حوالے سے اہم ہدایات جاری کردی ہیں۔
ایس ٹی ایس کے اعلامیے کے مطابق ایم ڈی کیٹ 2026 کا امتحان اتوار 20 ستمبر 2026 کو سندھ بھر اور اسلام آباد میں منعقد کیا جائے گا۔ امتحان کا دورانیہ تین گھنٹے ہوگا اور کسی بھی امیدوار کو مقررہ وقت مکمل ہونے سے قبل امتحانی مرکز چھوڑنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ تمام امیدواروں کو امتحان ختم ہونے تک اپنی نشستوں پر موجود رہنا ہوگا۔
پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PM&DC) کی ہدایات کے مطابق امتحان مکمل ہونے کے فوراً بعد امیدواروں سے سوالیہ پرچے واپس لے لیے جائیں گے اور کسی امیدوار کو سوالیہ پرچہ اپنے ساتھ لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ایس ٹی ایس کے مطابق امیدواروں کو ان ہدایات سے آگاہ کرنے کے لیے ایس ایم ایس اور ای میلز بھی ارسال کردی گئی ہیں۔ امتحانی مرکز سے روانگی سے قبل امیدواروں کو یقینی بنانا ہوگا کہ ان کا سوالیہ پرچہ متعلقہ بلاک کے نگران عملے کو واپس کردیا گیا ہے۔
اعلامیے میں خبردار کیا گیا ہے کہ سوالیہ پرچہ واپس جمع نہ کرانے والے امیدوار کا نتیجہ منسوخ کیا جاسکتا ہے۔ تمام امیدواروں کو ہدایات پر سختی سے عمل کرنے اور امتحانی عملے سے تعاون کی ہدایت کی گئی ہے۔




