راولپنڈی: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے پیٹرولیم لیوی کے خلاف احتجاج کا دائرہ وسیع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 20 ستمبر کو اسلام آباد کا گھیراؤ کریں گے۔
لیاقت باغ میں جاری دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت پیٹرول مہنگا کرکے 25 کروڑ عوام کی توہین کر رہی ہے۔ پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کے لیے تجاویز دی گئی ہیں لیکن حکومت ٹس سے مس نہیں ہو رہی اور مذاکرات میں سنجیدگی دکھانے کے بجائے پیٹرول کی قیمتیں بڑھائی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کنٹینرز بھی لگا دے، ہم اپنا حق لینا جانتے ہیں۔ ہمیں کمزور نہ سمجھا جائے، کارکن مختلف راستوں سے اسلام آباد پہنچیں گے۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت بات کرنا چاہتی ہے تو سنجیدگی سے مذاکرات کرے، پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کے علاوہ کوئی گنجائش نہیں۔




