کراچی: پیپلز پارٹی کی رہنما اور ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے پمز اسپتال سانحے پر وفاقی حکومت اور پمز انتظامیہ سے جواب طلب کرلیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں سعدیہ جاوید نے کہا کہ جو پیمانہ کراچی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، وہ اسلام آباد کے لیے کیوں نہیں؟ گل پلازہ سانحے پر سوال اٹھانے والے آج پمز کی المناک غفلت پر خاموش کیوں ہیں؟

انہوں نے کہا کہ اگر گل پلازہ سانحے پر سندھ حکومت جوابدہ ہے تو پمز میں 15 معصوم بچوں کی ہلاکت پر وفاقی حکومت، وفاقی وزارتِ صحت اور پمز انتظامیہ جواب دہ کیوں نہیں؟

سعدیہ جاوید نے مطالبہ کیا کہ وفاقی وزیر صحت اور پمز انتظامیہ اپنی ناکامی کا حساب دیں اور قوم کو اس المناک واقعے پر جواب دیں۔