اسلام آباد: پمز اسپتال کے گائنی وارڈ کی نرسری میں آتشزدگی کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے 14 نومولود بچوں کی میتیں ورثاء کے حوالے کر دی گئیں۔
بدھ کی صبح پمز اسپتال کی نرسری میں آگ لگنے سے 14 نومولود جھلس کر جاں بحق ہوگئے تھے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ صبح 6 بج کر 45 منٹ پر ایئرکنڈیشنر کا کمپریسر پھٹنے کے باعث لگی۔
اسپتال حکام کے مطابق حادثے کے وقت نرسری میں 15 بچے موجود تھے، جن میں سے ایک بچے کو لیڈی ڈاکٹر نے بچا لیا جبکہ 14 بچے جاں بحق ہوگئے۔
میتیں ورثاء کے حوالے کیے جانے کے دوران بعض لواحقین نے احتجاج کرتے ہوئے بچوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کرانے کا مطالبہ کیا۔ ورثاء کا کہنا ہے کہ بچوں کی شناخت مکمل کیے بغیر ہی میتیں ان کے حوالے کردی گئی ہیں۔




