راولپنڈی: اڈیالہ روڈ کے جراہی اسٹاپ کے قریب واقع نجی کلینک میں مبینہ طور پر غلط انجکشن لگنے کے بعد 12 سالہ بچے کی حالت بگڑ گئی، جو چار روز تک وینٹی لیٹر پر رہنے کے بعد دم توڑ گیا۔

ذرائع کے مطابق بچہ زخم کا معائنہ کرانے نجی کلینک گیا تھا، جہاں ڈاکٹر کی جانب سے انجکشن لگائے جانے کے فوراً بعد اس کی طبیعت اچانک شدید خراب ہوگئی۔

حالت بگڑنے پر بچے کو ڈی ایچ کیو اسپتال راولپنڈی منتقل کیا گیا، جہاں وہ چار روز تک وینٹی لیٹر پر زیرِ علاج رہا، تاہم جانبر نہ ہوسکا۔

بچے کے لواحقین نے واقعے کو طبی غفلت قرار دیتے ہوئے ہیلتھ کیئر کمیشن اور پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی تحقیقات کرکے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی اور کلینک کو سیل کیا جائے۔