نواب شاہ: شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی شہید بینظیرآباد نے اعلیٰ تعلیم کے میدان میں ایک اور اہم کامیابی حاصل کرلی۔ سندھ ہائیر ایجوکیشن کمیشن (سندھ HEC) نے یونیورسٹی کے 6 ماسٹرز اور 6 پی ایچ ڈی پروگرامز کی منظوری دے دی ہے۔
منظور شدہ ماسٹرز پروگرامز میں ایم ایس انگلش لسانیات، ایم ایس کمپیوٹر سائنس، ایم ایس میڈیا اینڈ کمیونیکیشن اسٹڈیز، ایم فل اکنامکس، ایم فل سندھی لینگویج اینڈ لٹریچر اور ایم ایس انفارمیشن ٹیکنالوجی شامل ہیں۔
اسی طرح پی ایچ ڈی جینیٹکس، پی ایچ ڈی انفارمیشن ٹیکنالوجی، پی ایچ ڈی سندھی لینگویج اینڈ لٹریچر، پی ایچ ڈی مینجمنٹ سائنسز، پی ایچ ڈی اکنامکس اور پی ایچ ڈی کیمسٹری کے پروگرامز کی بھی منظوری دی گئی ہے۔
یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق یہ اہم پیش رفت وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر مدد علی شاہ کی کاوشوں اور اساتذہ، طلبہ و انتظامی عملے کی مشترکہ محنت کا نتیجہ ہے۔
اس موقع پر وائس چانسلر نے کہا کہ نئے پروگرامز کی منظوری سے طلبہ کو اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کے مزید مواقع میسر آئیں گے، جبکہ یونیورسٹی کا تعلیمی اور تحقیقی معیار مزید بلند ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کا مقصد ایسے باصلاحیت اور تحقیق پر مبنی نوجوان تیار کرنا ہے جو قومی و بین الاقوامی سطح پر سندھ اور پاکستان کا نام روشن کریں۔ انہوں نے مستقبل میں مزید نئے تعلیمی اور تحقیقی پروگرامز متعارف کرانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔




