راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع خاران اور واشک میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 11 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ بڑی مقدار میں دھماکا خیز مواد بھی برآمد کرلیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 6 اور 7 ستمبر کو خاران اور واشک میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر کارروائیاں کی گئیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 6 ستمبر کو دہشتگردوں نے خاران میں سڑک بلاک کرکے ٹریفک معطل کرنے کی کوشش کی، جس پر سکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ان کا گھیراؤ کیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔

اگلے روز 7 ستمبر کو واشک میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا گیا، جہاں سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی پناہ گاہ کو تباہ کردیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں مزید 3 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیوں کے دوران 2.9 ٹن دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا، جو دیسی ساختہ بموں کی تیاری میں استعمال کیا جا رہا تھا۔