عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مزید تین فیصد سے زائد اضافہ ہوگیا، جس کے بعد برینٹ خام تیل کی قیمت تقریباً 108 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق برینٹ خام تیل 3.21 ڈالر یا 3.1 فیصد اضافے کے ساتھ 107.82 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا۔ قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجہ سعودی عرب پر حوثیوں کے نئے حملے، خلیج میں بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کے واقعات اور تیل کی رسد میں ممکنہ رکاوٹ کے خدشات ہیں۔

سعودی عرب نے ڈرون حملے کے بعد اپنی اہم مشرق۔مغرب تیل پائپ لائن عارضی طور پر بند کردی، جس سے عالمی تیل کی رسد کا تقریباً چار فیصد متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

گزشتہ ہفتے بھی خطے میں کشیدگی اور رسد میں رکاوٹوں کے باعث تیل کی قیمتوں میں تقریباً آٹھ فیصد اضافہ ہوا تھا اور قیمتیں جولائی کے بعد پہلی مرتبہ 100 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی تھیں۔