تہران: ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کے نائب سیاسی افسر علی محمدی نے آبنائے ہرمز میں امریکی بحری موجودگی سے متعلق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر امریکا واقعی اس اہم آبی گزرگاہ کو کنٹرول کرنا چاہتا ہے تو اپنا کوئی بحری جہاز 100 کلومیٹر کے اندر لا کر دکھائے۔
مشہد میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے علی محمدی نے کہا کہ امریکا جانتا ہے کہ اس کے جنگی جہاز ایرانی حدود کے قریب آئے تو انہیں ایرانی فورسز کے ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس وقت خلیج فارس، بحیرہ عمان اور آبنائے ہرمز میں کوئی امریکی فوجی یا عسکری سازوسامان موجود نہیں۔
پاسدارانِ انقلاب کے عہدیدار نے مزید دعویٰ کیا کہ کویت اور بحرین سے روانہ ہونے والے بحری جہاز ایرانی بحری فورسز کی نگرانی میں ہیں اور کسی جہاز کی جانب سے ضوابط کی خلاف ورزی کی صورت میں مقررہ قواعد کے تحت کارروائی کی جائے گی۔




