سیالکوٹ: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان میں بھی انتظامی یونٹس بنائے جانے چاہئیں، اگر 12 انتظامی یونٹس بنانے کی تجویز ہے تو ان کی تعداد 12 کرلی جائے، تاہم ان کی تشکیل زبان، نسل یا سیاسی مفادات کو مدنظر رکھ کر نہیں ہونی چاہیے۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ نئے انتظامی یونٹس بنانے کی تجویز گزشتہ دو ماہ سے زیر بحث ہے۔ ان کے خیال میں دنیا کے کئی ممالک میں انتظامی سہولت کے لیے اس نوعیت کی تقسیم کی جاتی ہے۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان کی آبادی میں اضافہ ہوچکا ہے، اس لیے عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے انتظامی ڈھانچے میں تبدیلی ضروری ہے۔ انہوں نے افغانستان کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں پہلے 8 سے 10 صوبے تھے، جنہیں تقسیم کرکے 30 سے 32 صوبوں میں تبدیل کیا گیا۔

خواجہ آصف نے تجویز دی کہ صوبائی دارالحکومتوں کے اختیارات انتظامی یونٹس کو منتقل کیے جائیں تاکہ لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور میں طاقت کا ارتکاز نہ رہے اور اختیارات نچلی سطح تک پہنچ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ مرکز سے صوبوں کو منتقل کیے جانے والے فنڈز صوبائی حکومتوں کے رحم و کرم پر رہ جاتے ہیں، حالانکہ ان فنڈز کی اصل منزل بلدیاتی ادارے ہونے چاہئیں۔ ان کے مطابق بلدیاتی ادارے بھی صوبائی حکومتوں کے رحم و کرم پر ہیں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ سیاست دانوں کو یہ سوچنا چاہیے کہ طاقت عوام کی امانت ہے، تاہم سیاست دانوں کا عمومی نقطہ نظر یہ ہے کہ وہ تمام اختیارات اپنے پاس رکھنا چاہتے ہیں۔