کراچی (رپورٹ: عبدالغفار بھٹو): جامعہ کراچی میں نافذ کی گئی کے ایس پی (KSP) پالیسی کے خلاف سندھی اسٹوڈنٹس سَتھ کی اپیل پر طلبہ کا احتجاج مسلسل پانچویں روز بھی جاری ہے۔ احتجاجی طلبہ گزشتہ 114 گھنٹوں سے یونیورسٹی کے ایڈمنسٹریشن آفس کے سامنے دھرنا دیے بیٹھے ہیں۔

احتجاجی طلبہ کا کہنا ہے کہ طویل دھرنے کے باوجود یونیورسٹی انتظامیہ مذاکرات کے لیے آمادہ نہیں اور اپنے مؤقف پر قائم ہے۔ ان کے مطابق جامعہ کراچی جیسے اہم تعلیمی ادارے میں اس پالیسی کا نفاذ سندھی طلبہ کے لیے اعلیٰ تعلیم کے مواقع محدود کرنے کے مترادف ہے۔

طلبہ نے دعویٰ کیا کہ سندھ اسمبلی میں کے ایس پی پالیسی کے خلاف دو مرتبہ قراردادیں اور بل منظور ہونے کے باوجود یونیورسٹی انتظامیہ اسے ختم کرنے کے لیے تیار نہیں۔ ان کا سوال ہے کہ جب صوبائی اسمبلی میں بھی اس پالیسی کے خلاف آواز اٹھائی جاچکی ہے تو انتظامیہ اسے برقرار رکھنے پر کیوں بضد ہے۔

احتجاجی طلبہ نے الزام عائد کیا کہ کے ایس پی پالیسی سندھی طلبہ کی تعلیم کے مواقع محدود کرنے کا سبب بن رہی ہے۔ ان کے مطابق صرف شعبہ قانون میں اس پالیسی کے نفاذ کے باعث رواں سال 100 نشستوں میں سے 25 نشستیں خالی رہ گئیں۔

طلبہ نے اکیڈمک کونسل اور سنڈیکیٹ کمیٹی کے کردار پر بھی تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ان کے فیصلوں سے طلبہ کے لیے اعلیٰ تعلیم کے دروازے بند ہورہے ہیں۔

احتجاجی طلبہ نے صوبائی وزیر برائے یونیورسٹیز اینڈ بورڈز سندھ اسماعیل راہو سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ معاملے کا فوری نوٹس لیں، یونیورسٹی انتظامیہ کو طلبہ سے مذاکرات کرنے اور ان کے مطالبات پر غور کرنے کا پابند بنائیں۔ طلبہ نے خبردار کیا ہے کہ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کرنے پر غور کیا جائے گا۔