اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے دیوالی کے موقع پر دنیا بھر، بالخصوص پاکستان میں آباد ہندو برادری کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

اپنے الگ الگ پیغامات میں صدر اور وزیراعظم نے کہا کہ دیوالی نفرت، عدم برداشت اور مایوسی کے اندھیروں پر روشنی کی فتح کی علامت ہے۔ روشنیوں کا یہ تہوار انسانی تعلقات اور معاشرتی زندگی میں پُرامن بقائے باہمی کا اہم پیغام دیتا ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ مذہبی اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے پاکستان کی ہندو برادری کو قومی زندگی کا اہم حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم، صحت، کاروبار، عوامی خدمات، سماجی بہبود اور فنون و ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں ان کی خدمات ملک کے لیے قابلِ قدر ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ہندو برادری کو پاکستان کے قومی اور معاشرتی ڈھانچے کا لازمی حصہ قرار دیا۔ انہوں نے مذہب، عقیدے، رنگ یا نسل سے قطع نظر تمام شہریوں کے حقوق، عزت و وقار اور مذہبی آزادیوں کے تحفظ کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔