اسلام آباد: حکومت نے بجلی اور گیس صارفین کو سبسڈی فراہم کرنے کے لیے نیا طریقہ کار تیار کرلیا ہے، جس کے تحت موجودہ سبسڈی نظام میں تبدیلی اور نئی اکنامک سوشل رجسٹری کے ذریعے مستحق صارفین کی نشاندہی کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق پاور ڈویژن اور وزارتِ پیٹرولیم نے بجلی اور گیس صارفین کے لیے سبسڈی کے نئے نظام کی تیاری مکمل کرلی ہے۔ اس نظام پر عمل درآمد کا حتمی فیصلہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی سربراہی میں قائم اسٹیئرنگ کمیٹی کرے گی، جبکہ نفاذ سے قبل نئے طریقہ کار کا ٹیسٹ رن بھی کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے بجلی صارفین کے لیے یکم جنوری 2027 اور گیس صارفین کے لیے فروری 2027 سے نیا نظام نافذ کرنے کی شرط رکھی ہے۔ تاہم حکومت موجودہ سبسڈی کا طریقہ کار 30 جون 2027 تک برقرار رکھنا چاہتی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر حکومت کی جانب سے موجودہ ریلیف میں مزید 6 ماہ توسیع کا معاملہ آئی ایم ایف کے سامنے اٹھایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق حکومت 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو موجودہ سبسڈی میں مزید 6 ماہ کی توسیع دینے کے لیے کوشاں ہے۔