واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو قتل کرنے کے مبینہ ارادے سے وائٹ ہاؤس کے قریب پہنچنے والے ایک مسلح شخص کو امریکی سیکرٹ سروس نے گرفتار کرلیا۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حکام نے مشتبہ شخص کی گاڑی سے ایک رائفل، دو پستول اور درجنوں گولیاں برآمد کی ہیں۔ امریکی محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی کے مطابق گرفتار شخص کا تعلق وینزویلا سے ہے اور وہ 2024 میں غیر قانونی طور پر امریکا میں داخل ہوا تھا۔
حکام کے مطابق ملزم مبینہ طور پر چوری شدہ گاڑی میں وائٹ ہاؤس کے قریب موجود تھا، جہاں سکیورٹی اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے اسے حراست میں لے لیا۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ دورانِ تفتیش ملزم نے دعویٰ کیا کہ اسے ذہن میں آوازیں سنائی دیتی تھیں جو اسے واشنگٹن آکر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو قتل کرنے کا کہتی تھیں۔
مشتبہ شخص کے خلاف غیر قانونی طور پر اسلحہ رکھنے، گاڑی چوری کرنے اور اس کے غیر قانونی استعمال سمیت متعدد الزامات کے تحت کارروائی کی جارہی ہے۔
واقعے کے بعد وائٹ ہاؤس کے اطراف سکیورٹی انتظامات اور نگرانی کے حوالے سے ایک بار پھر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ تاہم ملزم کے خلاف الزامات تاحال عدالتی طور پر ثابت ہونا باقی ہیں۔




