کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر فوزیہ حمید نے جعلی ڈگریوں کے معاملے پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو ارسال کردہ اپنے سابقہ خط میں جامعہ کے نام کی تصحیح کردی ہے۔ انہوں نے وضاحت کی ہے کہ معاملے کا تعلق شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور سے ہے۔

ڈاکٹر فوزیہ حمید کے مطابق سابقہ خط میں یونیورسٹی کا نام سہواً غلط تحریر ہوگیا تھا، جس پر انہوں نے معذرت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سے درخواست کی ہے کہ سابقہ خط میں کی گئی تصحیح کو ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے اور معاملے کو درست تناظر میں دیکھا جائے۔

ایم کیو ایم پاکستان کی رکن سندھ اسمبلی نے جعلی ڈگریوں کے مبینہ اجرا اور فروخت کو انتہائی سنگین معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالے سے شفافیت، جواب دہی اور مکمل تحقیقات کو یقینی بنانا ضروری ہے۔ ان کے مطابق معاملے کی غیر جانب دارانہ تحقیقات کے ذریعے حقائق سامنے لائے جانے چاہییں تاکہ ذمہ داروں کا تعین کیا جاسکے۔

ڈاکٹر فوزیہ حمید نے مؤقف اختیار کیا کہ متنازع ڈگریوں کی منسوخی ہی کافی نہیں ہوگی، بلکہ اگر تحقیقات میں غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کی نشاندہی ہوتی ہے تو ان کے خلاف بھی قانون کے مطابق کارروائی کی جانی چاہیے۔

انہوں نے زور دیا کہ تعلیمی اسناد کی ساکھ برقرار رکھنے اور تعلیمی نظام پر عوامی اعتماد کو مضبوط بنانے کے لیے معاملے کی مکمل چھان بین اور ذمہ داروں کا احتساب ضروری ہے۔